پنجاب بھر کے تعمیراتی پراجیکٹس پر سیفٹی اقدامات مزید مؤثر کرنے کا فیصلہ
لاہور: (دنیا نیوز) داتا دربار مین ہول واقعہ کے بعد پنجاب کے تمام اداروں نے منصوبوں سے متعلق لائحہ عمل بنا لیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر کے تعمیراتی پراجیکٹس پر سیفٹی اقدامات مزید موثر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے سی اینڈ ڈیبلیو افسران کو احکامات جاری کر دیئے، تعمیراتی سائیڈ ز پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکنے کے لئے مضبوط باڑ لگائی جائے.
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تعمیراتی سائیڈ پر وراننگ سائن، سیفٹی احکامات اور ایمرجنسی ٹیلی فون نمبرز ڈسپلے کئے جائیں، تعمیراتی سائیڈ پر رات کے وقت لائٹنگ موجود ہو، کھدائی کے گرد مکمل حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ تعمیراتی سائیڈ پر کام کرنے والے مزدور بھی سیفٹی سامان کا لازمی استعمال کریں، تمام چیف انجنیئرز سیفٹی اقدامات پر عمل درآمد کرنے کا سرٹیفکیٹ 3 فروری تک جمع کروائیں۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ سی اینڈ ڈبیلیو نے تمام افسروں کو ہدایت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔