تیراہ سے آنے والوں کی رجسٹریشن منظم اور باعزت انداز میں جاری ہے: انتظامیہ
خیبر: (دنیا نیوز) ضلعی انتظامیہ خیبر کا کہنا ہے کہ وادی تیراہ سے آنے والے آئی ڈی پیز خاندانوں کی رجسٹریشن کا عمل منظم اور باعزت انداز میں جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پائندہ چینہ اور باڑہ میں 05 مراکز پر ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں شفاف رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، باڑہ کے مختلف بازاروں میں جعلی ٹوکن اور مہر لگانے والا گروہ بے نقاب کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق عالم کی سربراہی میں تحصیلدار تیمور آفریدی، تحصیلدار داؤد آفریدی، عمیر خان نے خیبر پولیس کے ایڈیشنل ایس ایچ او خالد آفریدی اور شبیر آفریدی کے ہمراہ کارروائی کی۔
ضلعی انتظامیہ نے کمرخیل اور دیگر اقوام کے ویریفائیڈ جعلی ٹوکن پیسوں کے عوض فروخت کرنے پر 03 آفراد کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار افراد سے زیادہ تعداد میں جعلی ٹوکن، شناختی کارڈ کاپیاں، جعلی مہر اور لیپ ٹاپ برآمد کرلیا ہے۔
گرفتار افراد غیر قانونی طور پر فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں میں آئی ڈی پیز ٹوکن پر مشران کے دستخط اور مہریں لگا کر پیسے بٹور رہے تھے، گرفتار افراد کو تھانہ باڑہ منتقل کرکے ان کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے باڑہ میں قائم رجسٹریشن مراکز پر جعلی ٹوکن کے روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
انتظامیہ کی نگرانی میں مختلف ٹیمیں تمام بازاروں کی کڑی نگرانی کررہے ہیں تاکہ آئی ڈی پیز خاندانوں کو دھوکہ دہی اور جعلساز لوگوں سے بچایا جاسکے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی حلقوں سے اپیل کی گئی ہے کہ انتظامیہ کیساتھ تعاون کرکے ایسی سرگرمیاں فوری متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو رپورٹ کریں تاکہ ان کیخلاف کارروائی کی جاسکے۔