پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت، ہمارے پاس شواہد موجود ہیں: محسن نقوی

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سب کو معلوم ہونا چاہئے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے، ہمارے پاس شواہد موجود ہیں۔

بلوچستان میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت دہشتگردوں کو سپورٹ کر رہا ہے، بھارت منصوبہ سازی میں دہشت گردوں کا مددگار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردی: وفاقی وزیرداخلہ کا کور ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں نے پلان کر کے حملہ کیا تھا، جو بھی دہشتگرد آیا سکیورٹی فورسز نے اسے ڈھونڈ کر مارا، میں پاک فوج، ایف سی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ سب سے بہادر شخص سرفراز بگٹی ہیں، چند سرفراز بگٹی اور ہوتے تو دہشتگردی دنوں میں ختم ہوجاتی، سب کو معلوم ہونا چاہئے پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے۔

شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، کوئی بھی ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتا: سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیرداخلہ کا مشکور ہوں تمام مصروفیات چھوڑ کر کوئٹہ پہنچے، وزیرداخلہ محسن نقوی نے اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس کی صدارت کی۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، کوئی بھی ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتا، سکیورٹی فورسز نے بہترین ردعمل دیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر میں ایک بلوچ فیملی کی عورتوں اور بچوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا، سکیورٹی اہلکاروں نے بہادری کے ساتھ دہشت گرد ٹولے کا مقابلہ کیا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں نے گوادر کی لیبر کالونی میں گھس کر بلوچ فیملیز کو قتل کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں