شاہد آفریدی کا ریاست سے دہشتگردوں کے خلاف حتمی اقدامات کا مطالبہ

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ریاست پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف حتمی اقدامات کی جانب بڑھا جائے۔

ایکس پر جاری بیان میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد آج اسلام آباد میں بھی دہشت گردوں نے اپنی وحشیانہ کارروائی سے معصوم شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تسلسل کیسے برداشت کیا جائے؟ آخر کب تک ہم صرف مذمتی بیانات اور ٹوئیٹس سے کام چلاتے رہیں گے جبکہ دہشت گردی کی لہر روز بروز شدت اختیار کر رہی ہے۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ میرا ریاست پاکستان سے مطالبہ ہے کہ بیرونی مداخلت کے جن ثبوتوں کا بار بار ذکر کیا جاتا ہے اُنہیں قوم کے سامنے رکھا جائے اور قوم کو اعتماد میں لے کر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جو اقدامات بھی ضروری ہیں وہ فوری طور پر کیے جائیں۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترلائی کلاں کے غازی شاہ امام روڈ پر امام بارگاہ میں خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 32 افراد شہید جبکہ 169 زخمی ہو گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں