آئی سی سی اور بی سی بی کے وفود لاہور پہنچ گئے، ورلڈ کپ تنازع پر مذاکرات متوقع
لاہور: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں ٹی20 ورلڈ کپ تنازعے پر مذاکرات متوقع ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر ایڈوائزر ٹو چئیرمین پی سی بی عامر میر نے عمران خواجہ کا استقبال کیا جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کا استقبال پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کیا، اس موقع پر سلمان نصیر نے کہاکہ پاکستان آمد پر معزز مہمان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام اپنے دورہ پاکستان کے دوران چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام دیگر میٹنگز میں بھی شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا دورہ پاکستان ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر کردیا ہے۔
بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز سری لنکا میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے آئی سی سی نے مسترد کردیا دوسری جانب پاکستان بنگلہ دیش سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے میچز کا بائیکاٹ کردیا ہے۔