لاہور میں بسنت کا تیسرا روز: دہلی گیٹ میں میوزک کنسرٹ، غیر ملکی مہمان بھی لطف اندوز ہوئے

لاہور:(دنیا نیوز) بسنت کے تیسرا روزبھی لاہوریوں پر بسنت کا بخار عروج پر رہا۔

دہلی گیٹ میں وزارتِ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام بسنت بہار پروگرام کا انعقاد کیا گیا،صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا،امریکہ اور برطانیہ سے فیملیاں لاہور میں بسنت منانے دہلی گیٹ پہنچیں۔

بسنت کے تیسرے روز میوزک کنسرٹ بھی ہوا،گلوکار ندیم عباس لونے والا اور گلوکارہ میگا کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا، لوگ ندیم عباس کے گانوں پر بھنگڑے ڈالتے رہے جھومتے رہے،دہلی گیٹ کی چھت سے ملحقہ چھتوں پر کھڑے شہری بھی میوزک لائیو کنسرٹ انجوائے کرتے رہے۔

عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کا وقت کل صبح پانچ بجے تک بڑھا دیا ہے،بسنت اپنے عروج کو پہنچ چکی ہیں، اُنہوں نے شہریوں کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے بسنت کا وقت مزید بڑھایا ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ صرف لاہور نہیں پورا پاکستان آج لاہور میں بسنت منا رہا ہے، قوم کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کرنے پر قوم مریم نواز کا شکریہ ادا کررہی ہے، مریم نواز نے صرف لاہور نہیں پورے پاکستان کے دل جیت لیے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ غیرملکی شہری اور بیرون ملک سے فیملیاں لاہور آکر بسنت منا رہی ہیں، الحمداللہ! بسنت کامیاب اور محفوظ ترین بسنت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں