ٹی 20 ورلڈ کپ: نائب صدر بھارتی کرکٹ بورڈ راجیوشکلا پاکستان سے میچ پر خوش

دہلی: (دنیا نیوز) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرے کے اعلان پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھی خوشی کا اظہار کر دیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے پاک بھارت میچ کیلئے مذاکرات کے نتیجے کو بڑی کامیابی قرار دے دیا اور پاکستان کو بھارت کے ساتھ کھیلنے کیلئے راضی کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا شکریہ ادا کیا ہے۔

دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بعد جو فیصلہ سامنے آیا ہے، وہ کرکٹ کے مفاد میں ایک مثبت اور خوش آئند پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے نمائندے نے چیئرمین کی نگرانی میں لاہور کا دورہ کیا، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا مقصد کسی بھی تنازع کو حل کرتے ہوئے کرکٹ کو ترجیح دینا تھا اور خوشی کی بات یہ ہے کہ تمام فریقین ایک قابلِ قبول اور دوستانہ حل پر متفق ہوگئے۔

راجیو شکلا نے اس اقدام کو آئی سی سی کیلئے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارے نے نہ صرف تمام خدشات دور کئے بلکہ پاکستان کو بھی دوبارہ میز پر لا کر فیصلہ کن کردار ادا کیا، اب 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ اپنے مقررہ وقت پر ہوگا اور پاکستان اس مقابلے میں شرکت کرے گا جو شائقین کیلئے خوشخبری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات بھی ان مذاکرات کے بعد کافی حد تک دور ہوگئے ہیں اور انہوں نے بھی آئی سی سی کی کوششوں کو سراہا ہے۔

نائب صدر بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے فائدہ مند ہے اور اس سے ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد کی راہ ہموار ہوگئی ہے، یہ تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے ایک فتح کی صورتحال ہے، جس میں کرکٹ سب سے بڑی فاتح بن کر سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت سے دے دی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں