بھارت میں انتہا پسندی عروج پر، سلمان خان کے بعد ان کے بہنوئی کو بھی دھمکی موصول
ممبئی: (ویب ڈیسک) معروف بالی وڈ سٹار سلمان خان کے بہنوئی اداکار آیوش شرما بھی متعدد فلمی ستاروں کی طرح انتہا پسندی کا شکار ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق بالی وڈ سٹار سلمان خان کی بہن ارپیتا خان کے شوہر آیوش شرما کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ای میل لارنس بشنوئی گینگ سے جڑے کسی فرد نے بھیجی ہے، آیوش شرما کو ملنے والی دھمکی سے بالی وڈ سٹارز میں ایک دفعہ پھر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ممبئی کرائم برانچ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آیوش شرما کو پروٹون میل کے ذریعے ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے، پولیس نے ای میل بھیجنے والے کا سراغ لگانے اور دھمکی کے محرکات معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کر دی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ عہدیدار اس بات کا بھی تعین کر رہے ہیں کہ آیا مذکورہ ای میل ملک کے اندر سے یا باہر سے بھیجی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز دھرندھر کے سٹار رنویر سنگھ کو بھی وٹس ایپ پر دھمکی آمیز وائس نوٹ ملا تھا، جس میں کروڑوں بھارتی روپے طلب کیے گئے، اس دھمکی کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔