پاکستان کی فلسطین کیلئے 29ویں امدادی کھیپ روانہ
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے فلسطین کے لیے مزید 100 ٹن اشیائے خورونوش پر مشتمل 29ویں امدادی کھیپ روانہ کر دی۔
امدادی سامان الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے خصوصی پرواز کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے بھیجا گیا جس میں امدادی کھیپ آٹا، چاول، کھجور، کوکنگ آئل اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔
حکام کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 29 امدادی کھیپوں کے ذریعے ٹن امداد فلسطین بھجوائی جا چکی ہے، سامان کی روانگی کے موقع پر این ڈی ایم اے اور وزارتِ خارجہ کے افسران کے علاوہ حکومتی نمائندگان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
حکومت پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستانی عوام مشکل وقت میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی انسانی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔