عمران خان کی تکلیف پر سیاست مجرمانہ، ہرممکن علاج کرائیں گے: طارق چودھری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی تکلیف پر سیاست مجرمانہ کوشش ہے، جیل حکام اور حکومت کے کہنے پر پمز میں علاج ہوا، آئندہ بھی ہرممکن علاج کرائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ کسی بھی قیدی کی دیکھ بھال نہ ہورہی ہوتو اس کے ذمہ دار ہم ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ہماری کوئی ذاتی دشمنی نہیں، ہمارے بانی پی ٹی آئی سے صرف سیاسی اختلافات ہیں۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہی سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی کا رنگ دیا، بانی پی ٹی آئی اپنے جرائم کی سزا کاٹ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی تکلیف پر سیاست کرنا مجرمانہ کوشش ہے، بانی کی تکلیف پر بھی سیاست ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل حکام اور حکومت کے کہنے پرہی پمز ہسپتال میں علاج معالجہ ہوا، ایک سپر سپیشلسٹ نے بھی بانی کی صحت پر ایک رپورٹ مرتب کی، چیف جسٹس آف سپریم کورٹ خود اس کیس کو دیکھ رہے ہیں، جہاں کہیں گے بانی کی آنکھ کا معائنہ کرایا جائے گا۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے،حقائق کوتوڑ مروڑ کر پیش کرنا مجرمانہ غفلت ہے، آنکھوں کے بہترین ڈاکٹروں کو دکھایا جائے گا، بانی کی آنکھ کا ہر ممکن علاج کرائیں گے، احتجاج پارلیمنٹیرینز کا حق ہے، اس کیس کو سیاسی انداز میں نہ اچھالا جائے اورنہ ہی سیاست کی جائے۔