امریکا اور قازقستان کے درمیان معدنیات کے شعبے میں 1.1 ارب ڈالر کا معاہدہ
آستانہ: (ویب ڈیسک) قازقستان اور امریکا کے درمیان اہم معدنیات کے شعبے میں 1.1 ارب امریکی ڈالر مالیت کے اسٹریٹجک سرمایہ کاری معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سمرق قازینا فنڈ کی ذیلی کمپنی تاو کین سمرق اور امریکی کمپنی قفقاز کیپٹل گروپ ایل ایل سی (کوو کیپٹل) کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے، سمرق قازینا کی پریس سروس کے مطابق ان دستاویزات میں سیل اینڈ پرچیز ایگریمنٹ (ایس پی اے) اور شیئر ہولڈرز ایگریمنٹ شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دستخطی تقریب میں سمرق قازینا کے چیف ایگزیکٹو نورلان ژاکوپوف بھی موجود تھے، اس منصوبے کے تحت قازقستان میں نارتھ کاتپار اور اپر کائر اکتی کے ذخائر کی بنیاد پر ٹنگسٹن کی گہری پراسیسنگ کے لئے ایک ہائی ٹیک پلانٹ قائم کیا جائے گا جس سے تقریباً 2 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
کوو کیپٹل منصوبے میں کم از کم 1.1 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا، نارتھ کاتپار منصوبہ امونیم پیراٹنگسٹیٹ کی پیداوار پر مرکوز ہے، حکام کے مطابق مالی سرمایہ کاری کے علاوہ سٹریٹجک شراکت دار جدید کان کنی، پراسیسنگ اور بینی فیسیشن ٹیکنالوجی بھی فراہم کرے گا جبکہ تیار شدہ مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں فروغ دینے میں معاونت کرے گا، جس میں امریکی حکومت کے ساتھ آف ٹیک معاہدے بھی شامل ہوں گے۔
منصوبے پر عمل درآمد کو عالمی اہم معدنیات کی سپلائی چین میں قازقستان کے کردار کو مضبوط بنانے، خام مال کی پراسیسنگ کو فروغ دینے اور صنعتی شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔