پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 میں رسائی حاصل کر لی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 میں رسائی حاصل کر لی۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے سے سپر ایٹ میں پہنچنے والی 8 ٹیموں نے 2028 کے میگا ایونٹ کیلئے براہِ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا، جس میں بھی 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان، بھارت، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، زمبابوے، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے جبکہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو 2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان ہونے کی حیثیت سے پہلے ہی ٹورنامنٹ میں براہِ راست شرکت حاصل ہے۔

اس کے علاوہ 9 مارچ تک آئی سی سی ٹی 20 ٹیم رینکنگ کی اگلی 3 بہترین ٹیمیں ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کریں گے، ان تین ٹیموں میں بنگلا دیش، افغانستان اور آئرلینڈ شامل ہیں جبکہ 20 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کی باقی 8 ٹیموں کا فیصلہ ریجنل کوالیفائرز کی بنیاد پر ہوگا۔


 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں