کراچی: شہری کو تشدد کرکے قتل کرنے والے 4 ملزم گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے تشدد زدہ لاش ملنے کا کیس حل ہو گیا، مرکزی ملزم گرفتار کر لئے گئے۔

گلستان جوہر میں رہائشی عمارت کے قریب سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی تھی، مقتول کی شناخت مزمل شاہ ولد حسین شاہ کے نام سے کی گئی جو کہ بلاول شاہ نورانی گوٹھ میں رہائش پزیر تھا، واقعہ کا مقدمہ تھانہ گلستانِ جوہر میں درج کیا گیا۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج و دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کو شناخت کر لیا، ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں مقتول کو پھینکنے کے بعد موقع سے فرار ہوتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت علی نواز ولد حاجی رمضان، ندیم ولد مجید، وقار ولد عاشق حسین اور اجمل ولد اصغر کے ناموں سے ہوئی، ملزم علی نواز بلاک 01 میں واقع باڑے کا مالک ہے جبکہ باقی تینوں ملزمان اس کے باڑے میں ملازمت کرتے ہیں۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول مبینہ طور پر چوری کی نیت سے باڑے میں داخل ہوا، جہاں باڑے کے مالک نے ملازمین کے ہمراہ اسے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، ملزمان نے مزمل کی حالت تشویشناک ہونے پر اُسے موٹر سائیکل کے ذریعے رہائشی اپارٹمنٹ کے قریب پھینک دیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ مزید تفتیش بھی کی جارہی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں