پنجاب کی بیٹیاں میری ’’ریڈ لائن‘‘، تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: مریم نواز
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی بیٹیاں میری ’’ریڈ لائن‘‘ ہیں ان کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
یومِ خواتین پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب سمیت دنیا بھر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ نہیں بلکہ میں ہر اس عورت کی آواز ہوں جسے دبایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی بیٹی اب کمزور نہیں بلکہ ریاست کا مضبوط ترین بازو ہے، مظلوم نہیں معمارِ وطن ہے، تعلیم، تحفظ اور صحت کی سہولت سے لے کر اقتدار کی راہداریوں تک آج پنجاب کی عورت بااختیار ہے، پنجاب کی بیٹیوں کو صرف ’اعداد و شمار‘ نہیں رہنے دیا بلکہ انہیں پالیسی ساز، محافظ اور مفکر بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری نگرانی میں اب کسی کی جرات نہیں کہ وہ پنجاب کی کسی بیٹی کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے، پنجاب کی بیٹیاں میری ’’ریڈ لائن‘‘ ہیں ان کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عورت کو صرف خواب دیکھنا نہیں انہیں حقیقت بنانا سکھایا ہے، پنجاب میں بیوہ خواتین اب تنہا نہیں، میں ان کیلئے ’رحمت کارڈ‘ لا رہی ہوں، پنجاب کی خواتین کیلئے وائی فائی، لیپ ٹاپ، ای بائیکس اور ’ہونہار سکالرشپ‘ کو یقینی بنایا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کی حفاظت کیلئے ’سی ڈی ڈی‘‘ اور ’’پینک بٹن‘‘ جیسے فول پروف اقدامات کئے، پنجاب میں پہلا ویمن ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کیا جو دن رات خواتین کو تحفظ کیلئے کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بارڈر ملٹری پولیس میں پہلی بار خواتین کی شمولیت میرے لئے باعثِ فخر ہے، جن خواتین کے پاس چھت نہیں تھی ان کیلئے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کا وعدہ پورا کر رہی ہوں، خواتین اور ان کے بچے کیلئے پنجاب بھر میں ہیلتھ سیکٹر کو اپ گریڈ کر دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ خواتین کو ’آسان کاروبار‘، روزگار، پیڈ انٹرن شپس اور تربیت سے معاشی طور پر آزاد کیا جا رہا ہے، پنک گیمز کے ذریعے میں پنجاب کی بیٹیوں کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر لے کر جا رہے ہیں، پنجاب کی ہر بیٹی کو اس مقام پر دیکھنا چاہتی ہوں جہاں وہ کسی کی محتاج نہ ہو، جب ایک عورت بااختیار ہوتی ہے، تو پوری نسل بااختیار ہوتی ہے۔