پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع کر دی گئی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ دہشتگردی کے ممکنہ خطرات اور امن عامہ کو لاحق خدشات کے باعث کیا گیا، اجتماعات، جلوسوں اور مظاہروں پر پابندی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
پنجاب میں چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماع پر پابندی عائد ہے، عوامی مقامات پر بغیر اجازت اجتماع منعقد کرنے پر پابندی ہو گی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار دورانِ ڈیوٹی پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی بیاہ، جنازوں اور تدفین سے متعلق اجتماعات پابندی سے مستثنیٰ ہیں، سرکاری، نیم سرکاری دفاتر کے اجلاس اور عدالتیں پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
پنجاب میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور عوامی مقامات پر استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے، انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق حساس اجتماعات دہشت گردی اور فرقہ واریت کا ہدف بن سکتے ہیں، دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع 14 مارچ تک کی گئی ہے۔