مشرقی وسطیٰ میں جنگ کے سائے سٹاک مارکیٹس پر برقرار، کاروبار منفی زون میں بند

کراچی: (دنیا نیوز) مشرقی وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان کا سلسلہ جاری رہا، ایشیائی سٹاک مارکیٹس بھی مندی کا شکار رہیں۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھنے میں آئی ہے، 4000 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 48 ہزار 747 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

تاہم پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج ٹریڈنگ کا اختتام منفی زون سے ہوا، انڈیکس 4 ہزار 687 پوائنٹس کمی سے ایک لاکھ 49 ہزار 178 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 568 کمپنیوں میں سے 90 کمپنیوں میں اضافہ، جبکہ 324 کمپنیوں میں کمی ہوئی، سٹاک ایکسچینج میں 20 ارب روپے مالیت کے 29 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 555 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 53 ہزار 866 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث ایشیائی سٹاک مارکیٹس بھی مندی کا شکار ہیں۔

خبرایجنسی کے مطابق جاپان کے نکی انڈیکس میں ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، چین کا شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس بھی ایک فیصد گراوٹ کا شکار ہے، ملائیشیا کے فٹسی برسا انڈیکس میں بھی ایک فیصد مندی دیکھی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ہانگ کانگ کے ہانگ سینگ انڈیکس میں معمولی تیزی ریکارڈ ہوئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں