افغان ترجمان نے حالیہ ہلاکتوں کا الزام لگاتے ہوئے پرانی تصویر جاری کی: وزارت اطلاعات
اسلام آباد:(دنیا نیوز) فیک چیک وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے ترجمان نے حالیہ ہلاکتوں کا الزام لگانے کے لیے ایک پرانی تصویر استعمال کی، جو حقیقت کے برعکس ہے۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں فیکٹ چیک وزارت اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دانستہ طور پر غلط معلومات پھیلا کر عوامی تاثر کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے جو تصویر حالیہ واقعے کے ثبوت کے طور پر پیش کی جا رہی ہے وہ درحقیقت مئی 2023 کی ہے۔
اِسی طرح یہ تصویر در اصل اس وقت افغان طالبان کی وزارت داخلہ کی جانب سے شیئر کی گئی تھی جو موجودہ دعوے کے جھوٹ کو بے نقاب کرتا ہے۔
دوسری جانب پرانے تصویری مواد کو دوبارہ استعمال کر کے موجودہ الزامات کو سچ ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ لوگوں کو گمراہ کرنے اور اصل حقیقت کے بارے میں الجھاؤ پیدا کرنے کا طریقہ ہے۔
فیکٹ چیک وزارت اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں بداعتمادی کا باعث ہیں جو پرانے مواد کو موجودہ ثبوت بنا کر پیش کر کے معلومات کو مشکوک کردیتی ہیں، ایسے دعوؤں کو غلط اور فریب پر مبنی قرار دے کر مسترد کر دیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں اِن دعوؤں کا مقصد حقائق کو مسخ،عوام کو گمراہ کرنا اور واقعات کا من گھڑت تاثر پیش کر کے پروپیگنڈے کے مقاصد کی تکمیل کرنا ہے۔