کراچی میں پانی کی لائن میں ڈوبنے والی بچی کی لاش برآمد

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقہ اچھار گوٹھ کے قریب پانی کی لائن میں ڈوبنے والی بچی کی لاش برآمد کر لی گئی۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق کئی گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد لڑکی کی لاش برآمد کی گئی، متاثرہ بچی کی شناخت 12 سالہ صنم کے نام سے ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ شام تک 72 انچ قطر کی پائپ لائن میں ڈوبنے والی کمسن بچی کا سراغ نہیں مل سکا تھا، اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ بچی‌ پانی ‌بھرنے کے دوران ‌پیر پھسلنے‌ سے تیز بہاؤ والے واٹر چینل‌ میں‌ گر گئی تھی۔

ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ حادثہ کینجھر جھیل ‌سے کراچی ‌آنے والی ‌صاف پانی‌ کی ‌سپلائی‌ لائن‌ میں پیش آیا، واٹر چینل ‌کی‌ گہرائی 30 فٹ‌ اور پریشر زیادہ ‌ہونے کی وجہ سے آپریشن‌ میں‌ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بچی کی تلاش کا کام صبح ‌دوبارہ ‌شروع کیا گیا تھا، اس موقع پر صنم‌ چنہ کے چچا نے کہا تھا کہ واقعے پر غم ‌سے نڈھال ‌ہوں، امید ہے ہماری بچی ‌کی‌ لاش‌ جلد برآمد کرلی جائے گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں