پی ایس ایل 11:اسلام آباد یونائیٹڈ نے گلیڈی ایٹرز کو ہرا کر جیت کا مزہ چکھ لیا

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن الیون کے نویں میچ میں اسلام یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کرلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 184 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سمیر منہاس نے 48 گیندوں پر 83 جبکہ کپتان شاداب خان نے 39 گیندوں پر 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ڈیوون کانوے 18 جبکہ آندرے گوس 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دونوں وکٹیں ابرار احمد نے حاصل کیں۔

قبل ازیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن نواز نے 36 گیندوں پر 66 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، کپتان سعود شکیل 42 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

کوئٹہ کے شمائل حسین 21، خواجہ نافع 18 اور بین ڈرموٹ نے 3 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ بیون جیکبز بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، ٹام کرن 22 گیندوں پر 29 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سلمان ارشاد اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں