کراچی ڈوب گیا، ترقیاتی کاموں کے غبارے سے ہوا نکل گئی: ایم کیو ایم
کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ کراچی ڈوب گیا اور نام نہاد ترقیاتی کاموں کے غبارے سے ہوا نکل گئی، درمیانے درجے کی بارش نے بے اختیار بلدیاتی نظام کا کچا چٹھا کھول دیا، کھنڈر شاہراہیں تالاب بن چکی ہیں۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ شہر کے گلی کوچوں میں ڈوبا ہوا انفراسٹرکچر اس بات کی گواہی ہے کہ شہر کے وسائل پر بے دردی سے ہاتھ صاف کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی بلدیاتی مینڈیٹ کے ذریعے شہر پر مسلط کیئے گئے افراد عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ صوبائی وزراء، میئر، ٹاؤن چیئرمینوں کی جانب سے بارش سے قبل نالوں کی صفائی و سڑکوں کی بحالی کے دعوے محض کاغذی ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ معمولی بارش میں نئی تعمیر شدہ سڑکوں کا ٹوٹنا اس بات کا ثبوت ہے کہ تعمیراتی کاموں میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ اربوں روپے نالوں کی صفائی کے نام پر مختص کئے گئے مگر آج کچرا اور پانی گلیوں میں داخل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلیوں، محلوں میں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری قابض بلدیاتی ٹولے پر عائد ہوتی ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ جعلی بلدیاتی مینڈیٹ کے ذریعے شہر پر مسلط کئے گئے افراد عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں، کراچی کو ملکوں سے موازنہ کرنے کے خواب دکھانے والوں نے اسے کھنڈر بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی:بارشوں کے دوران شہریوں کے ضائع ہونے والے قیمتی اثاثوں اور سڑکوں کی تباہی کا فوری آڈٹ کروایا جائے۔
چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ہدایات جاری کیں کہ کارکنان، ذمہ داران و عوامی نمائندے مشکل حالات میں عوام کے درمیان رہیں اور عوامی مسائل کہ حل میں کردار ادا کرتے رہیں۔