اسلام آباد سیف سٹی کو کیپٹل سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر پیش رفت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں اسلام آباد سیف سٹی کے فیز ٹو پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 30 مئی تک فیز ٹو پر جاری تمام کام مکمل کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو اَپ گریڈ کیا جائے گا، پولیسنگ، ٹریفک اور شہری سہولیات کے نظام کو انٹیگریٹ کیا جائے گا، کیپٹل سمارٹ سٹی میں ٹریفک مینجمنٹ سے کرائم کنٹرول کا جدید سسٹم ہوگا، اسلام آباد کو محفوظ شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں سیف سٹی ہیڈ کوارٹر کے نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی گئی۔

آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وزیر داخلہ کو سیف سٹی پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ فیز ٹو پر 75 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب جاری ہے، 152 کلو میٹر طویل فائبر آپٹکس کیبل بچھائی جا چکی ہے، فیز ٹو پر 20 مئی تک کام مکمل کر کے ٹیسٹنگ کا عمل شروع کیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی جی سیف سٹی ہارون جوئیہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں