خیبر پختونخوا میں شدید بارشیں: فرنٹیئر کور مقامی افراد کی مدد کیلئے کوشاں
پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) مقامی افراد کی مدد کیلئے کوشاں رہی۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سڑکیں، پل اور مکانات شدید متاثر ہوئے، باجوڑ اور چترال سمیت دیگر اضلاع میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) کے جوان بارش کے دوران فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں عوامی خدمت کیلئے پہنچ گئے، جوانوں نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور طبی امداد دی۔
ایف سی نارتھ کے جوانوں نے متاثرہ شہریوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کیں، مقامی آبادی نے ایف سی خیبر پختونخوا نارتھ کے اہلکاروں کے جذبہ خدمت اور بروقت اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ناصرف ملکی دفاع بلکہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے بھی متحرک اور پرعزم ہیں۔