جڑواں شہروں میں ہونے والے میٹرک کے پرچے ملتوی، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والے میٹرک کے پرچے ملتوی کردیئے گئے جبکہ پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں جاری اہم سفارتی سرگرمیوں اور سکیورٹی اقدامات کے پیشِ نظر فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے 9 اور 10 اپریل کو ہونے والے امتحانات جزوی طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ صرف ان مراکز کے لیے کیا گیا ہے جو ہائی سکیورٹی زون یا سفارتی سرگرمیوں والے علاقوں کے قریب واقع ہیں، ملتوی شدہ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

متاثرہ امتحانی مراکز میں اسلام آباد ماڈل سکول فار بوائز G-6/4 (سینٹر اے – 1296) ، اسلام آباد ماڈل سکول فار بوائز G-6/4 (سینٹر بی – 9133) ، اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز، پرائم منسٹر سٹاف کالونی G-5 (سینٹر کوڈ – 1375) شامل ہیں۔

وفاقی بورڈ کا کہنا ہے کہ دیگر تمام مراکز پر امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔

دوسری جانب راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے 10 اپریل کو ہونے والے میٹرک کے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ کمشنر راولپنڈی و چیئرمین بورڈ انجینئر عامر خٹک کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

بورڈ حکام کے مطابق 10 اپریل کو ہونے والے اردو لازمی اور جغرافیہ کے پرچے ملتوی کیے گئے ہیں۔

یہ فیصلہ صرف راولپنڈی شہر کی حدود میں قائم تمام 64 امتحانی مراکز کے لیے ہے، جہاں فی الحال امتحانات روک دیے گئے ہیں تاہم، راولپنڈی ڈویژن کے دیگر اضلاع (اٹک، جہلم اور چکوال) میں امتحانی عمل اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔

ترجمان راولپنڈی بورڈ کا کہنا ہے کہ ملتوی کیے گئے پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

شہریوں اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مزید معلومات اور اپ ڈیٹس کے لیے بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ سے رابطے میں رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں