ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کا امریکی اور اسرائیلی حملوں کی چھان بین کا مطالبہ

تہران: (دنیا نیوز) ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کی سربراہ نے انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر قانونی سطح پر چھان بین کرے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کی صدر میریانا جو امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے اثرات کا جائزہ لینے کے لئے ایران کے دورے پر ہیں نے تہران میں ایرانی ہلال احمر کے صدر پیر حسین سے ملاقات کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر حسین نے کہا جنگ کے دوران امریکی اور اسرائیلی حملوں میں گھروں، بچوں، بزرگوں اور دیگر شہریوں کو نشانہ بنایا گیا اور میزائل حملوں اور بمباری کے نتیجے میں متعدد شہری شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی کارروائیوں میں ہلالِ احمر کے 56 مراکز کو براہ راست نشانہ بنایا گیا، تین امدادی ہیلی کاپٹر تباہ ہوئے جبکہ 43 ایمبولینسوں اور 49 دیگر ریسکیو گاڑیوں کو بھی براہ راست حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں