سانحہ اچھرہ: بچوں کی نعشیں ورثا کے حوالے، سنگدل ماں کی آج عدالت پیشی

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقے اچھرہ میں قتل ہونے والے تین کمسن بہن بھائیوں کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق 5 سالہ مومنہ بتول، 4 سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ ام حبیبہ کا پوسٹ مارٹم میو ہسپتال میں کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کے نعشیں آبائی گاؤں جھنگ روانہ کر دی گئیں، تینوں بچوں کو جھنگ میں ہی نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ ردا کو آج مقامی عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ لیا جائے گا، بچوں کے قتل کا ملزمہ ردا پر الزام ہے، ردا نے بیان دیا تھا کہ خاوند بچوں کی وجہ سے اسے چھوڑ نہیں رہا تھا۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے اچھرہ میں تین کمسن بچوں کو گلے کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا، پولیس کے مطابق گھر سے 2 بچیوں اور ایک بچے کی نعشیں ملی، ون فائیو پر اطلاع ملی جس کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق والدین گھر کو باہر سے تالا لگا کر میڈیکل سٹور پر ادویات لینے کے لیے گئے، جب واپس گھر آئے تو بچوں کی گردنیں کٹی ہوئی تھیں۔

مقتول بچوں کی شناخت پانچ سالہ مومنہ بتول، چار سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ ام حبیبہ کے نام سے ہوئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں