عباس عراقچی آج سے اسلام آباد، مسقط، ماسکو کا دورہ کرینگے: ایرانی میڈیا کی تصدیق
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی آج سے اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کا دورہ کریں گے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد خطے میں جاری پیشرفت، جنگ کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ دورہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرینگے، عباس عراقچی اسلام آباد کے بعد مسقط اور ماسکو بھی جائیں گے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز آج کریں گے۔
خبرایجنسی کے مطابق عباس عراقچی دوطرفہ مشاورت اور خطے کی صورتحال پر سیاسی رہنماؤں سے تبادلہ خیال کریں گے، ایران پر امریکا اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کی تازہ صورتحال پر بھی گفتگو کریں گے۔
اس سے قبل حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی مختصر ٹیم کے ساتھ آج رات اسلام آباد میں آمد متوقع ہے، پاکستانی مصالحتی ٹیم سے اہم بات چیت اور گفتگو کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد امن مذاکرات کا دوسرے راؤنڈ کا امکان ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکہ کی لاجسٹک اور سکیورٹی ٹیم بھی مذاکراتی عمل کے لئے اسلام آباد میں پہلے سے موجود ہے، ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت پاکستانی مصالحتی ٹیم سے اہم بات چیت اور گفتگو کا نتیجہ ہے۔