اسحاق ڈارکی ایرانی وزیر خارجہ سے رابطے کے بعد وزیراعظم کو پیش رفت بارے بریفنگ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ٹیلیفون کے بعد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہبازشریف سے رابطہ کیا اور پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف اور اسحاق ڈار نے خطے کی سکیورٹی صورتِ حال، کشیدگی میں اضافے کے خدشات پر گفتگو کی جب کہ ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے دور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور سفارتی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔

دوسری جانب پاکستان دونوں فریقین کو جلد دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے سرگرم ہے، دوران گفتگو وزیراعظم نے ایرانی وفد کی آمد کی اطلاع کو اہم سفارتی پیشرفت قرار دے دیا اور بدلتی صورتِ حال پر نظر رکھنے پر اتفاق کیا۔

شہباز شریف نے امن و استحکام کیلئے اہم پالیسی اور سفارتی ہدایات جاری کیں، انہوں نے اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط تیز اور مشاورت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب دونوں رہنماؤں  نے امن کوششوں میں عالمی کردار مزید متحرک بنانے، خطےمیں کشیدگی کم کرنے، اعتماد سازی اورمذاکراتی عمل کو آگے بڑھانےکے عزم کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں