اے آئی روبوٹ نے میراتھن کے بعد ٹیبل ٹینس میں بھی انسانوں کو شکست دیدی
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں ہونے والی ہاف میراتھن میں انسانی عالمی ریکارڈ توڑنے کے بعد اب ٹیبل ٹینس میں بھی روبوٹ نے انسانوں کو شکست دے دی۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک جدید مصنوعی ذہانت سے لیس روبوٹ ’ایس‘نے ٹیبل ٹینس کے کھیل میں ماہر کھلاڑیوں کو شکست دے کر ٹیکنالوجی کی دنیا میں نیا سنگِ میل قائم کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ ٹیبل ٹینس جیسے کھیل میں تیز ردعمل اور درست اندازہ لگانا بنیادی حیثیت رکھتا ہے جو عام طور پر روبوٹس کے لیے مشکل سمجھا جاتا ہے۔
معروف جاپانی کمپنی ’سونی اے آئی‘ کی تیار کردہ اس مشین نے پانچ میں سے تین مقابلے جیتے جبکہ پیشہ ور کھلاڑیوں کے خلاف اسے دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
روبوٹ نے نہ صرف مشکل شاٹس کا کامیابی سے سامنا کیا بلکہ نیٹ کے قریب گیند کو کنٹرول کرنے اور بیک اسپن دینے میں بھی مہارت دکھائی۔
یہ تمام میچز انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے قواعد کے مطابق کھیلے گئے اور جیسے جیسے ’ایس‘نے مزید میچز کھیلے، اس کی کارکردگی بہتر ہوتی گئی۔
کھلاڑیوں کے مطابق روبوٹ پیچیدہ اسپن کا جواب بھی مؤثر انداز میں دیتا ہے جس سے مقابلہ مزید سخت ہو جاتا ہے، ’ایس‘ مختلف کیمروں کی مدد سے گیند کی رفتار اور سمت کو پہچانتا ہے، جو اسے فوری ردعمل دینے کے قابل بناتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیلوں میں روبوٹس کی ترقی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور مستقبل میں مزید حیران کن نتائج سامنے آسکتے ہیں۔