پشاور زلمی کا لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف
لاہور (دنیا نیوز): پی ایس ایل الیون کے اہم ترین میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دے دیا۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ تھا جب اوپنر جیمز ونس محض 10 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے، کسل مینڈس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 7 رنز بنا کر شاہین کا دوسرا شکار بنے، تاہم اس کے بعد کپتان بابراعظم اور مائیکل بریسویل نے قلندرز کے باؤلرز کی خوب دُھلائی کرکے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی۔
بابر اعظم نے 45 گیندوں پر 59 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ بریسویل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 45 گیندوں پر 83 رنزجوڑے، اننگز کے اختتامی لمحات میں افتخار احمد نے 14 گیندوں پر 27 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر مجموعی سکور کو 199 تک پہنچایا۔