خیبرپختونخوا حکومت کا ہائبرڈ گندم خریداری پالیسی 2026 کا اعلان
پشاور:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے ہائبرڈ گندم خریداری پالیسی 2026 کا اعلان کر دیا۔
صوبائی حکومت کی دستاویز کے مطابق پہلی بار گندم خریداری میں نجی شعبے کو بھی شامل کرلیا گیا، حکومت 5 لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن اسٹرٹیجک گندم ذخیرہ برقرار رکھے گی۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ دو تہائی گندم سرکاری جبکہ ایک تہائی نجی ایگریگیٹرز خریدیں گے، گندم کی عارضی امدادی قیمت 3500 روپے فی 40 کلو مقرر ہوگی، سرکاری خریداری پر 32 ارب جبکہ نجی شعبے کیلئے 16 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
اِسی طرح نجی ایگریگیٹرز کو 70 فیصد تک مارک اپ سپورٹ دی جائے گی، نجی ایگریگیٹرز کا انتخاب شفاف ٹینڈر کے ذریعے ہوگا۔
حکومتی دستاویز میں مزید لکھا گیا کہ تمام ادائیگیاں بینکنگ چینلز کے ذریعے کی جائیں گی، گندم سٹاک کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل سسٹم استعمال ہوگا۔