وائٹ ہاؤس میں برطانوی شاہ چارلس کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وائٹ ہاؤس میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں شاہی جوڑے بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے شاہی جوڑے کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر وائٹ ہاؤس کا ماحول رسمی اور شاندار تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بادشاہ چارلس کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی وائٹ ہاؤس آمد اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکا کی اقدار اور ثقافت میں گہری مماثلت پائی جاتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات آئندہ بھی طویل عرصے تک قائم رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بادشاہ چارلس آج امریکی کانگریس سے خطاب کریں گے۔

استقبالیہ تقریب کو دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور سفارتی تعلقات کے ایک مضبوط اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں