ایگزیکٹو ایڈیٹر روزنامہ ’دنیا‘ کاظم خان سی پی این ای کے صدر منتخب
کراچی :(دنیا نیوز) روزنامہ’ دنیا‘ کے ایگزیکٹوایڈیٹر کاظم خان سی پی این ای کے صدرمنتخب ہو گئے۔
روزنامہ پاک سندھ کے ایڈیٹر غلام نبی خان چانڈیو سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے، کاظم خان نے رواں سال کو ’’مزاحمت “ کا سال قرار دینے کا اعلان کیا۔
اپنی گفتگو میں نومنتخب صدر سی پی این ای کا کہنا تھا کہ جس صحافت نے عزت دی، آج اُس کی عزت خطرے میں ہے، حفاظت کریں گے، ہر طاقتور صحافت کو اپنی انگلیوں پر نچاتا ہے، مزاحمت کریں گے۔
کاظم خان نے کہا کہ بدقسمتی سے صحافت کے محافظ بھی لٹیروں کیساتھ ملے ہوئے ہیں، فیک نیوز، پروپیگنڈسٹ، ڈمی اخبارات کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے، سیاسی جماعتوں کے پے رول پر بیانیہ بنانے والوں کے خلاف بھی مزاحمت ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہر لکھنے بولنے والا، کیمرے کے سامنے بیٹھنے والا صحافی نہیں ہوتا، صحافیوں کو دھمکیاں دینے والوں کا راستہ روکنا ہوگا، اخبارات اور ٹی وی مالکان کو آزادی اظہار کے مطلب کو سمجھنا ہو گا۔
نومنتخب صدر سی پی این ای نے کہا کہ آزادی صحافت کی پالیسی میں ہی ہم سب کی بقا ہے، صحافیوں کو دھمکیاں دینے والوں کا راستہ روکنا ہوگا۔