امریکہ اور ایران میں معاہدہ جلد متوقع، پاکستان کا پانی کوئی چوری نہیں کر سکتا: دفتر خارجہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران میں جلد معاہدے کی توقع ہے، پاکستان کا ایک قطرہ پانی بھی کوئی چوری نہیں کر سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ آج معرکہ حق کی پہلی سالگرہ ہے، پانچ مئی کو نائب وزیراعظم نے معرکہ حق پر سفارتی کور کو بریف کیا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کا کیا تبادلہ ہوا ہے، اس پر گفتگو نہیں کروں گا، ہم پر امید ہیں کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان معاملہ حل ہوگا، یہ نہیں جانتا کہ معاہدہ ایک صفحے کا ہوگا یا زیادہ صفحات کا، معاہدے کے لیے پرامید ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کو جنوبی ایشیاء میں امن اور سلامتی پر تشویش ہے، پاکستان کا ایک قطرہ پانی کوئی چوری نہیں کرسکتا ، سندھ طاس معاہدہ سے متعلق تمام آپشنز زیر غور ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ہم دریاؤں کی صورتحال کا مشاہدہ کررہے ہیں، دفتر خارجہ سمیت انڈس واٹر کمشنر اور دیگر حکام اس کو دیکھ رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاک افغان بارڈر کے دونوں جانب عوام امن چاہتے ہیں، پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان کوئی تنازع نہیں ہے ،ہمارا مذہب ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان رجیم کے تحت افغان سرزمین سے ہونے والے دہشت گردی معاملات خراب کر رہی ہے، ہمیں بارڈر بندش سمیت دیگر اثرات کے بجائے جڑ دہشت گردی کو دیکھنا ہو گا، دہشت گردی ختم ہو جائے باقی چیزیں خود سیٹل ہو جائیں گی۔