پاکستان نے بھارتی پراکسیوں کا مدبرانہ انداز میں سامنا کیا: نسٹ یونیورسٹی سیمینار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں سیاسی، عسکری اور سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عامر ریاض نے کہا کہ ملک کی سلامتی مضبوط ہاتھوں میں ہے، مسلح افواج ملکی سرحدوں کی محافظ ہیں، پاکستان نے بھارتی پراکسیز کا مدبرانہ انداز میں مقابلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دشمن کو معرکہ حق میں اپنی مہارتوں سے ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔

مشاہد حسین سید

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ معرکہ حق میں صرف سچ اور حق کی کامیابیاں نمایاں رہیں اور اس کامیابی کے بعد مسلم دنیا میں پاکستان کی توقیر میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دل بڑا ہے جبکہ بھارت کا دل چھوٹا ہے، اور دعویٰ کیا کہ بھارتی قیادت کی ذہنیت شدت پسندانہ ہے۔
مشاہد حسین سید نے کہا کہ دنیا ہر فورم پر بھارت کی شکست کی گواہ ہے جبکہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی رافیل طیاروں کو لمحوں میں تباہ کر دیا، جبکہ پاکستان جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے ضامن کے طور پر ابھر رہا ہے۔

مشاہد حسین سید نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کو اپنا پسندیدہ فیلڈ مارشل قرار دیا۔

مسعود خان

سیمینار میں شامل مسعود خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، تاہم معرکہ حق میں کامیابی کا سہرا پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو جاتا ہے، تاہم افواج پاکستان نے ذمہ داری کے ساتھ ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دشمن کے جدید طیاروں کو ہوا میں ہی ہوا کر دیا، پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا، جبکہ پاک فضائیہ کے بھرپور اور مضبوط وار نے بھی دشمن کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں