روس ہمیشہ فتح اور حق کے ساتھ ہے، یوکرین میں آگے بڑھ رہے ہیں: صدر پوتن

ماسکو: (شاہد گھمن ) روسی صدر اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ولادیمیر پوتن نے یومِ فتح کی 81ویں سالگرہ کے موقع پر ریڈ سکوائر میں ہونے والی فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس ہمیشہ اپنے قومی مفادات، تاریخی اقدار اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے متحد رہے گا، اور فتح ہمیشہ ہماری ہی ہوگی۔

 یوم فتح پر ماسکو میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب میں صدر پوتن نے روسی عوام اور فوج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن روس کے لیے مقدس، روشن اور سب سے اہم قومی تہوار ہے، روسی قوم عظیم محبِ وطن جنگ کے ہیروز کی قربانیوں، روایات اور ورثے کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔

صدر پوتن نے کہا کہ سوویت عوام نے نازی ازم کے خلاف فیصلہ کن کردار ادا کیا، اپنے ملک اور دنیا کو “مطلق برائی” سے بچایا اور ان ریاستوں کو دوبارہ خودمختاری دلائی جو ہٹلر جرمنی کے سامنے ہتھیار ڈال چکی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 22 جون 1941 روسی تاریخ کے سب سے المناک دنوں میں سے ایک تھا، جب نازی جرمنی نے سوویت یونین پر حملہ کیا اور ملک پر قبضے، ثقافت کی تباہی اور سوویت عوام کی نسل کشی کے منصوبے بنائے، نازی قیادت نے پورے یورپ سے طاقت جمع کی، تاہم وہ روسی کردار اور سوویت عوام کی قوتِ ارادی کا درست اندازہ نہ لگا سکے۔

روسی صدر نے جنگِ عظیم دوم میں جان قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ روس اُن تمام فوجیوں، شہریوں، محصور لینن گراڈ کے متاثرین اور وطن کے لیے جان قربان کرنے والوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے والدین، دادا پردادا، بھائیوں، بہنوں، دوستوں اور اُن تمام لوگوں کی یاد میں سر جھکاتے ہیں جنہوں نے روس کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

صدر پوتن نے اپنے خطاب میں یوکرین میں جاری خصوصی فوجی آپریشن کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آج کے روسی فوجی بھی اپنے آباؤ اجداد کی روایات کو آگے بڑھا رہے ہیں، روسی فوجی ایک ایسی جارحانہ قوت کے خلاف برسرِ پیکار ہیں جسے پورا نیٹو اتحاد اسلحہ اور حمایت فراہم کر رہا ہے، تاہم اس کے باوجود روسی فوجی آگے بڑھ رہے ہیں۔

پوتن نے روسی انجینئرز، سائنسدانوں، کارکنوں اور دفاعی صنعت سے وابستہ ماہرین کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدید جنگی تجربات کی بنیاد پر جدید اور منفرد ہتھیار تیار کر رہے ہیں۔

 روسی صدر نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارا مقصد حق پر مبنی ہے، ہم متحد ہیں، اور فتح ہمیشہ ہماری تھی، ہماری ہے اور ہماری ہی رہے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں