9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے: گورنر کے پی
پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری افواج نے دشمن کو مؤثر جواب دے کر قومی دفاع کو مضبوط بنایا، دنیا کی نظریں آج پاکستان کی سفارتی اور دفاعی حکمتِ عملی پر ہیں۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کیلئے تمام اداروں نے مل کر مؤثر سفارتکاری کی، دنیا پاکستان کی جانب متوجہ ہو رہی ہے، ہم نے مخالف قوتوں کو مذاکرات کی میز پر لایا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امید ہے اہم فیصلے پاکستان کی سرزمین پر ہی ہوں گے، اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ذرائع سے تیل درآمد ہونے کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، وفاقی حکومت کا سی این جی ایسوسی ایشنز کے ساتھ رویہ درست نہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ بعض معاملات میں ناانصافی کی جا رہی ہے، مقامی ٹرانسپورٹ کو متعدد مسائل درپیش ہیں، انہیں ریلیف دیا جانا چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تمام پشتون ٹیکس چور نہیں، وفاق الزامات کے بجائے شفاف فہرست جاری کرے، سی این جی، فاٹا پاٹا ٹیکس اور دیگر مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔