جنگ کے باعث عالمی معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہیں: آئی ایم ایف نے خبردار کر دیا

واشنگٹن: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ جنگ کے باعث پیدا ہونے والی مسلسل رکاوٹوں سے عالمی معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور عالمی معاشی ترقی منفی صورتحال کی جانب بڑھ رہی ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری کئے گئے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ 2026ء میں عالمی شرح نمو کم ہو کر 3.1 فیصد رہ جائے گی تاہم ادارے نے خبردار کیا تھا کہ اگر جنگ طویل عرصے تک جاری رہی تو عالمی معیشت کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق منفی منظر نامے میں تیل کی قیمتیں طویل عرصے تک بلند رہ سکتی ہیں، مہنگائی سے متعلق توقعات غیر مستحکم ہو سکتی ہیں جبکہ مالیاتی حالات مزید سخت ہونے کا خدشہ ہے، ایسی صورتحال میں عالمی معاشی ترقی کی شرح کم ہو کر 2.5 فیصد تک گر سکتی ہے۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی ترجمان جولی کوزیک نے کہا عالمی معیشت بتدریج اسی منفی منظر نامے کی طرف بڑھ رہی ہے، اگرچہ مہنگائی سے متعلق توقعات اب بھی کافی حد تک قابو میں ہیں اور مالیاتی حالات نسبتاً سازگار ہیں، تاہم جنگ کے تسلسل سے عالمی معیشت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں