ایران جنگ: ڈیموکریٹس کی ٹرمپ پر شدید تنقید، کھاد، توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا الزام

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈیموکریٹس نے ٹرمپ کی ایران جنگ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کھاد اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا الزام لگا دیا۔

امریکا میں ڈیموکریٹ رہنماؤں نے صدر ٹرمپ کی ایران کے خلاف جنگی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے باعث کھاد اور توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سینیٹر ٹمی بالڈون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا صدر ٹرمپ کی ایران میں چھیڑی گئی جنگ نے ہمارے کسانوں کے لئے کھاد اور گیس کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق دنیا کی کھاد کی بڑی مقدار خلیجی ممالک سے برآمد کی جاتی ہے، جو آبنائے ہرمز کے راستے عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔

سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین مارک وارنر نے کہا پٹرول کی قیمتوں سے لے کر گھریلو اخراجات تک ٹرمپ کی یہ جنگ لوگوں کے لئے زندگی گزارنا مزید مشکل بنا رہی ہے۔

دوسری جانب سینیٹر مارک کیلے نے کہا کہ ٹرمپ کی جنگ کا کوئی واضح مقصد نظر نہیں آتا جبکہ امریکی عوام پہلے ہی بڑھتی ہوئی توانائی قیمتوں کی صورت میں اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے رہنماؤں کی ضرورت ہے جو مہنگائی کم کرنے پر مکمل توجہ دیں کیونکہ موجودہ انتظامیہ زندگی کو مزید مشکل بنا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں