شادی یا ریسلنگ؟ دلہا دلہن کے انوکھے مقابلے نے مہمانوں کو حیران کر دیا

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ایک شادی اُس وقت سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی جب دلہا اور دلہن نے اپنی شادی کی تقریب کو روایتی انداز دینے کے بجائے ریسلنگ مقابلے میں تبدیل کر دیا۔

چینی صوبے گوئیژو کے شہر زونی سے تعلق رکھنے والے پروفیشنل ریسلر ہی ین شینگ نے اپنی دلہن کے ساتھ مل کر اس منفرد تقریب کا اہتمام کیا، شادی کی تقریب میں روایتی سٹیج کے بجائے باقاعدہ ریسلنگ رنگ تیار کیا گیا جبکہ بڑی سکرین پر دلہا بمقابلہ دلہن کا ڈرامائی پوسٹر بھی آویزاں کیا گیا تھا۔

تقریب کے آغاز میں دلہا اور دلہن نے مختلف ٹیموں کی قیادت کی، جن کے درمیان بیسٹ آف تھری مقابلے ہوئے، مقابلے کی دلچسپ شرط یہ رکھی گئی تھی کہ ہارنے والی ٹیم کو زندگی بھر گھر کے کام انجام دینا ہوں گے۔

مہمانوں نے اس منفرد انداز کو خوب سراہا اور مقابلوں میں بھرپور دلچسپی لی، تقریب کے اختتام پر دلہا اور دلہن خود رنگ میں اترے، جہاں دلہن نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلہا کے حملے کو ناکام بنایا اور اسے زمین پر گرا دیا۔

ریفری نے دلہن کو فاتح قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اب وہ زندگی بھر گھر کے کام نہیں کرے گی۔

بعد ازاں دلہا ہی ین شینگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقابلوں میں شریک تمام افراد تربیت یافتہ تھے اور حفاظت کے تمام انتظامات کیے گئے تھے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ظاہر ہے مجھے ہارنا ہی تھا، میں کبھی اپنی دلہن کو گھر کے کام نہیں کرنے دوں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں