ہزاروں فلسطینی مریض بیرون ملک علاج کیلئے غزہ سے نکلنے کے منتظر
غزہ: (دنیا نیوز) غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ہزاروں فلسطینی مریض اب بھی بیرون ملک علاج کیلئے غزہ سے نکلنے کے منتظر ہیں، جبکہ محدود تعداد میں مریضوں کو ہی سرحد پار جانے کی اجازت مل رہی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ایک دن میں صرف 29 مریض مصر کے ساتھ واقع جنوبی رفاہ کراسنگ کے ذریعے علاج کی غرض سے غزہ سے باہر جا سکے ہیں۔
وزارت نے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں بتایا کہ اس سے ایک روز قبل بھی صرف 20 مریضوں کو اردن کے ہسپتالوں میں علاج کیلئے روانہ کیا گیا تھا۔
غزہ سے باہر جانے والے مریضوں کی کم تعداد ان مریضوں کی فوری ضرورت پوری نہیں کرتی جو فہرستوں میں شامل ہیں اور شدید طبی و انسانی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب غزہ میں صحت کا بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔
وزارت صحت نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مریضوں کے طبی انخلا کے عمل کو تیز کیا جائے اور انہیں محفوظ طریقے سے غزہ سے باہر مخصوص ہسپتالوں تک پہنچانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔