فلسطینی وزارت خارجہ نے امدادی قافلے فلوٹیلا کو روکنا جنگی جرم قرار دے دیا

غزہ: (دنیا نیوز) فلسطینی وزارت خارجہ نے غزہ کیلئے امداد لے جانے والے بحری قافلے فلوٹیلا کو اسرائیل کی جانب سے روکے جانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے۔

وزارتِ خارجہ برائے فلسطین و تارکین وطن نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے امدادی جہازوں کی روک تھام ایک نیا جرم ہے جس کا مقصد غزہ کی پٹی میں اسرائیلی نسل کشی اور بھوک و افلاس جیسے جرائم کو چھپانا ہے، اس کارروائی کو مکمل بحری قزاقی اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

فلسطینی وزارت نے ان افراد کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی ہے جنہیں اسرائیلی فورسز نے جہازوں کو روکنے کے بعد حراست میں لیا ہے۔

مزید کہا گیا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور یورپی یونین فوری طور پر اسرائیل پر پابندیاں عائد کریں اور بین الاقوامی پانیوں میں مبینہ جرائم پر اس پر دباؤ ڈالیں کہ وہ غزہ کا محاصرہ ختم کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں