8 سالہ پاکستانی نژاد بچے نے ناسا کی غلطی پکڑلی، ایجنسی کا نشاندہی پر شکریہ
لاہور: (ویب ڈیسک) 8سالہ پاکستانی نژاد بچے نے ناسا کی ویب سائٹ پر موجود غلطی کی نشاندہی کرکے سب کو حیران کردیا جبکہ ایجنسی نے بھی کھلے دل سے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
ایک کم عمر بچے نے ناسا کی سرکاری ویب سائٹ پر ہجے کی معمولی غلطی پکڑ لی جس کے بعد یہ دلچسپ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔
بچے کے والد مسرت علی نے ’ایکس‘ پر خوشگوار انداز میں ناسا کو اس غلطی سے آگاہ کیا اور اسے ’اہم مشن اپڈیٹ‘ قرار دیا۔ ناسا نے بھی نہایت خوش دلی سے جواب دیتے ہوئے اس نشاندہی کو سراہا، جس نے صارفین کے دل جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق ناسا کی ایک پوسٹ میں ’Explore Jupiter‘ کی جگہ غلطی سے ’Expor Jupiter‘ لکھا گیا تھا، یعنی لفظ ‘Explore’ میں حرف ’l‘ غائب تھا۔
بچے کے والد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کے 8 سالہ بیٹے نے یہ غلطی نوٹ کی اور زور دیا کہ اسے ضرور رپورٹ کیا جائے، ناسا نے جواب میں کہا کہ نشاندہی کا شکریہ، ہم فوراً اس گمشدہ حرف کو درست کر رہے ہیں۔
والد کے مطابق ناسا کے اس دوستانہ جواب سے ان کا بیٹا بے حد خوش ہوگا کیونکہ وہ خلا، راکٹس اور لانچز میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور مستقبل میں خلا باز بننے کا خواب دیکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا بیٹا اس واقعے کو اپنی کلاس میں بڑے فخر سے بیان کرے گا۔
— musarat (@musaratali) May 18, 2026
یہ دلچسپ مکالمہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا اور صارفین نے بچے کی باریک بینی کی تعریف کی اور اس کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ یہ بچہ واقعی ہیرو ہے اور اسے آئندہ مشنز میں شامل کیا جانا چاہیے جبکہ ایک اور نے کہا کہ آج وہ ایک چھوٹی غلطی درست کر رہا ہے، کل کو شاید مریخ پر بڑی ذمہ داریاں سنبھال رہا ہوگا۔