کوہ سلیمان میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، کمانڈر سمیت2 دہشت گرد ہلاک
لاہور:(دنیا نیوز) کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقے میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہم کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی جب کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تمن قیصرانی کے قبائلی علاقے میں 12 سے 15 مسلح دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع تھی، دہشت گرد تحصیل کوہ سلیمان، وہوا اور تونسہ کے آباد علاقوں میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ جدید ہتھیاروں، نگرانی کے آلات اور ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں کا سراغ لگایا، جنڈوگا کے قریب دشوار گزار پہاڑی علاقے میں رات بھر خفیہ نگرانی کے بعد ایکشن لیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 زخمی حالت میں اپنے ساتھیوں سمیت پسپا ہو گئے۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور فرار عناصر کی گرفتاری کے لیے وسیع سرچ اور سویپ آپریشن شروع کر دیا گیا۔