عوام پوچھ رہے 4 سال میں معاشی اصلاحات کیوں نہ ہو سکیں؟ بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:(دنیا نیوز) چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرعلی خان نے کہا تھا کہ عوام حکومت سے پوچھ رہے ہیں 4 سال میں معاشی اصلاحات کیوں نہ ہو سکیں؟

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرعلی خان کا کہنا تھا کہ دفاعی ضروریات پوری کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت چار سال میں ایف بی آر اصلاحات لانے میں ناکام رہی۔

اُنہوں نے کہا کہ روپے کی قدرمیں کمی اور معاشی بدانتظامی وفاقی حکومت کی ناکامی ہے، حکومت پنشن،اخراجات اور اصلاحات پراپنےوعدے پورے نہ کرسکی، ریٹیل، رئیل سٹیٹ اور زرعی شعبےمیں بھی مؤثراصلاحات نہ ہو سکیں۔

چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ صوبوں پرمالی بوجھ ڈالنا وفاقی حکومت کی ناکامی کااعتراف ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کا حصہ کم کرنا آئینی طور پر ممکن نہیں، این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبائی حصےمیں کمی غیر آئینی ہو گی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی عوام کے وسائل کا امین ہے، صوبائی مفادات کا تحفظ کرے گا، عوام پوچھ رہے ہیں 4 سال میں معاشی اصلاحات کیوں نہ ہو سکیں؟

ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے جائز حق مانگ رہے ہیں، یہ سیاسی نہیں بلکہ عوامی مسئلہ ہے، این ایف سی ایوارڈ پر تمام جماعتوں کو ایک مؤقف اپناناچاہیے۔

چئیرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے، بانی نے وزیراعلیٰ کو نامزد کیا، تمام ارکان ان کے ساتھ ہیں، پارٹی کے اندر اختلافات کو بات چیت سے حل کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں