بیروت پر اسرائیلی حملے: ٹرمپ نے معاہدے پر دستخط کی تقریب چند گھنٹوں کیلئے مؤخر کردی

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بیروت پر اسرائیلی حملے کے باعث امریکا اور ایران کے درمیان متوقع معاہدے پر دستخط کی تقریب میں چند گھنٹوں کی تاخیر ہو گئی ہے۔

امریکی میڈیا سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کی تقریب ابھی ہونا تھی، تاہم اسرائیلی حملے کے بعد اسے چند گھنٹوں کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دستخط کی تقریب اب کچھ گھنٹے بعد منعقد ہوگی، جبکہ دونوں فریق معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے رابطے میں ہیں۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیروت پر حالیہ اسرائیلی حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی نہیں ہونی چاہیے تھی، خصوصاً ایسے وقت میں جب ایران کے ساتھ امن معاہدے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو رہی ہے اور فریقین معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے خلاف خطرات سے دفاع کا حق حاصل ہے، تاہم جس حملے کے جواب میں یہ کارروائی کی گئی، وہ انتہائی معمولی اور غیر اہم نوعیت کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں نہ کوئی شخص ہلاک ہوا، نہ زخمی ہوا اور نہ ہی کسی قسم کا نقصان پہنچا، اس لیے اسے جاری سفارتی عمل میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ایک ایسے معاہدے کے بہت قریب ہے جو نہ صرف پورے خطے بلکہ لبنان میں بھی امن کے قیام کا سبب بن سکتا ہے، لہٰذا تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی لانی چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ لبنان میں اسرائیل کی جانب سے مزید کوئی حملہ نہیں ہونا چاہیے، اسی طرح کسی دوسرے فریق، بشمول حزب اللہ، کو بھی اسرائیل کے خلاف مزید کارروائیوں سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک طویل اور پائیدار امن کے آغاز کا بہترین موقع ہو سکتا ہے، جسے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے پر آج الیکٹرانک دستخط ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اسی دوران اسرائیل نے بیروت کے جنوبی علاقے میں ایک عمارت کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں