سانحہ گل پلازہ کیس: پولیس کی تفتیش مکمل، مقدمے کا چالان پراسیکیوشن کو جمع
کراچی: (دنیا نیوز) سانحہ گل پلازہ کیس میں پولیس تفتیش مکمل ہوگئی، مقدمے کا چالان پراسیکیوشن کو جمع کرا دیا گیا۔
پراسیکیوشن ذرائع کے مطابق پولیس نے تفتیش میں مارکیٹ کمیٹی کے عہدیداران تنویر پاستا اور دیگر افراد کو غفلت کا مرتکب قرار دیا ہے جبکہ آگ لگنے والی دکان کے مالک نعمت اللہ کو بھی مقدمے میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پراسیکیوشن نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ چالان کے ساتھ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ بھی منسلک کی جائے، پراسیکیوشن نے اس بات پر بھی اعتراض اٹھایا کہ پولیس نے واقعے کے وقت گل پلازہ اور اطراف کی عمارتوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل نہیں کی۔
پراسیکیوشن نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ گل پلازہ کے اطراف موجود عمارتوں اور کاروباری مراکز میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرکے تفتیش کا حصہ بنایا جائے۔
گل پلازہ میں جنوری 2026 میں ہولناک آتشزدگی 70سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے، واقعہ کی تحقیقات کے لئے قائم جوڈیشل کمیشن نے اپنی رپورٹ میں سرکاری اداروں کے ساتھ مارکیٹ انتظامیہ کی غفلت کی نشاندہی کی تھی۔