کوہستان مالیاتی سکینڈل: مرکزی ملزم قیصر اقبال کا فرنٹ مین گرفتار

پشاور: (دنیا نیوز) کوہستان مالیاتی سکینڈل میں احتساب بیورو (نیب) نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم قیصر اقبال کے مبینہ فرنٹ مین نعمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم نعمان کافی عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور مسلسل روپوشی اختیار کیے ہوئے تھا، نیب کی کارروائی کے دوران اسے حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نعمان کے بینک اکاؤنٹس سے پاکستانی کرنسی اور امریکی ڈالرز میں کروڑوں روپے مالیت کی مشتبہ مالی لین دین کے شواہد سامنے آئے ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق نعمان نے مرکزی ملزم قیصر اقبال کے لیے اسلام آباد، نتھیا گلی، ایبٹ آباد اور کاغان سمیت مختلف علاقوں میں قیمتی کمرشل جائیدادیں خرید رکھی تھیں، نیب ان جائیدادوں کی ملکیت، سرمایہ کاری کے ذرائع اور مالی معاملات کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتاری کو کوہستان مالیاتی سکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ سکینڈل میں ملوث تمام افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں