دعا لیپا کی پرتگال میں ممنوعہ کتابوں کی مستقل لائبریری قائم
پورٹو: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکارہ دعا لیپا نے شادی کے محض ایک ہفتے بعد پرتگال میں ممنوعہ اور سنسر کی جانے والی کتابوں پر مشتمل ایک خصوصی لائبریری قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
منی فیسٹو لائبریری کے نام سے قائم کی جانے والی یہ لائبریری دعا لیپا کے 2021 میں شروع کیے گئے بک کلب سروس95 (Service95) کا عملی اور مستقل حصہ ہوگی، لائبریری کا افتتاح آج پرتگال کے شہر پورٹو میں واقع تاریخی لیوراریا لیلو بک سٹور میں ہو رہا ہے۔
یہ منصوبہ لیوراریا لیلو کی 120ویں سالگرہ کی تقریبات کا حصہ ہے، تاہم لائبریری تقریب کے بعد بھی مستقل طور پر اسی مقام پر موجود رہے گی۔
دعا لیپا نے کہا کہ جب انہوں نے سروس95 بک کلب کی بنیاد رکھی تو ان کا مقصد دنیا بھر کے مصنفین اور قارئین کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں وہ آزادانہ طور پر خیالات کا تبادلہ کر سکیں، کتابیں ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں، لیکن افسوس کہ ہر کوئی اس آزادی کا حامی نہیں۔
انہوں نے اس منصوبے کو اپنی خوابوں کی شراکت داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ لائبریری میں شامل 100 منتخب کتابیں ایسی ہیں جو یا تو اہم سوالات اٹھاتی ہیں یا خود سوالات اور پابندیوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں، ان میں شامل کئی مصنفین نے اپنے خیالات کی قیمت اپنی جان دے کر ادا کی۔
اس مجموعے میں مارگریٹ ایٹ وڈ کی معروف ناول The Handmaid’s Tale، ریجینلڈ ڈوین بیٹس کی Felon سمیت اولگا توکارچوک جیسے مصنفین کی تخلیقات بھی شامل ہیں۔
دعا لیپا نے کہا کہ یہ لائبریری ان کتابوں اور مصنفین کو خراجِ تحسین ہے جنہوں نے طاقت اور جبر کے ڈھانچوں کو بے نقاب کیا اور ان قارئین کے لیے ایک علامت ہے جو یہ قبول نہیں کرتے کہ انہیں بتایا جائے کہ کون سی کتاب پڑھنی چاہئے اور کون سی نہیں، میں ہر شخص کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ یہاں آئے، ان کتابوں کو دیکھے اور خود فیصلہ کرے کہ ان شیلفوں پر کیا ہونا چاہئے ، کیونکہ بعض اوقات سب سے انقلابی کام ایک کتاب پڑھنا اور اس پر گفتگو کرنا ہوتا ہے۔
کتابیں دعا لیپا کی ذاتی زندگی کا بھی اہم حصہ رہی ہیں۔ ان کی اپنے شوہر اداکار کیلم ٹرنر سے پہلی ملاقات ایک بار میں ہوئی تھی، جہاں دونوں ہرمن ڈیاز کا ناول Trust پڑھ رہے تھے، رواں برس دعا لیپا نے انٹرنیشنل بکر پرائز کی دسویں سالگرہ کی تقریب میں کلیدی خطاب بھی کیا تھا۔