پاکستانی امپائر راشد ریاض وقار کے لئے بڑا اعزاز
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی امپائر راشد ریاض وقار کو ایک اور بڑا اعزاز حاصل ہو گیا۔
راشد ریاض وقار کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے انٹرنیشنل پینل سے ترقی دے کر ایمرجنگ پینل میں شامل کر لیا گیا ہے۔
50 سالہ راشد ریاض وقار اتوار سے اپنے ٹیسٹ امپائرنگ کیریئر کا باقاعدہ آغاز کریں گے، وہ ہرارے میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ میں آن فیلڈ امپائر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
راشد ریاض وقار پاکستان کی جانب سے مینز ٹیسٹ کرکٹ میں امپائرنگ کرنے والے 34ویں امپائر بن جائیں گے، جو ان کے کیریئر کا اہم سنگ میل ہے۔
راشد ریاض وقار سابق فرسٹ کلاس کرکٹر بھی ہیں۔ انہوں نے اپنے 12 سالہ فرسٹ کلاس کیریئر کے دوران 50 میچز کھیلے، امپائر کی حیثیت سے اب تک 118 مینز اور ویمنز انٹرنیشنل وائٹ بال میچز میں فرائض انجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے اکتوبر 2018 میں دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے ذریعے اپنے بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر کا آغاز کیا تھا، اور اب انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں بھی امپائرنگ کا اعزاز حاصل ہونے جا رہا ہے۔