چین میں گرمی کا توڑ، مصنوعی بارش کا سسٹم لگادیا گیا

بیجنگ: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور ہیٹ ویو کے باعث جہاں ایئر کنڈیشنرز کا استعمال عام ہو رہا ہے، وہیں چین نے گنجان آباد شہروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ایک منفرد اور نسبتاً کم لاگت کا طریقہ متعارف کرایا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر لی۔

چین کے شمالی صوبے شانسی کے شہر یونچینگ میں بلند و بالا رہائشی عمارتوں کی چھتوں پر ایک خصوصی کولنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے، جسے روف ٹاپ رین کا نام دیا گیا ہے۔

اس نظام کے تحت عمارتوں کی چھتوں پر نصب ہائی پریشر نوزلز ہوا میں پانی کی انتہائی باریک پھوار خارج کرتے ہیں، یہ باریک قطرے اردگرد کے ماحول کا درجہ حرارت تقریباً 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

یہ نظام ایواپوریٹو کولنگ کے اصول پر کام کرتا ہے، جس طرح جسم سے نکلنے والا پسینہ بخارات بن کر جسم کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے، اسی طرح پانی کے باریک قطرے گرم ہوا سے حرارت جذب کر کے بھاپ میں تبدیل ہو جاتے ہیں، جس سے عمارت کے اطراف کا ماحول نسبتاً ٹھنڈا ہو جاتا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ سسٹم صرف شدید گرمی کے دنوں میں چلایا جاتا ہے تاکہ پانی کے قطرے زمین تک پہنچنے کے بجائے ہوا میں ہی بخارات بن جائیں اور نیچے سے گزرنے والے افراد متاثر نہ ہوں۔

اس انوکھے کولنگ سسٹم کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یورپ اور امریکہ سمیت مختلف ممالک کے صارفین اس پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں، متعدد افراد کا کہنا ہے کہ اگر یہ طریقہ مؤثر اور کم لاگت ہے تو اسے دنیا کے دیگر گرم علاقوں میں بھی اپنایا جانا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں